• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری کی نظریں اسلام آباد پر مرکوز ہیں، جلیل عباس جیلانی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی نظریں اسلام آباد پر مرکوز ہیں۔ ماہر معاشیات فرقان پنجانی نے کہا کہ تیل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات معیشت کے ہر شعبے پر مرتب ہوں گے۔ نمائندہ جیو نیوز اعزاز سید نےکہا کہ پاکستان کا کردار کلیدی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔ وہ جیو نیوز کے ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر جیسے اہم ممالک کا ایک جگہ جمع ہونا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ ممالک آئندہ کے لائحہ عمل کی تشکیل کے لئے سنجیدہ مشاورت کر رہے ہیں۔اس وقت عالمی برادری کی نظریں اسلام آباد پر مرکوز ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس اجلاس سے کوئی مؤثر حکمت عملی سامنے آئے گی۔ سہولت کاری کا کردار صرف وہی ملک ادا کر سکتا ہے جس پر تمام فریقین کو مکمل اعتماد حاصل ہو، اور موجودہ صورتحال میں ایران، امریکا اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کو پاکستان پر بھرپور اعتماد ہے۔ انہوں نے اس امید ظاہر کی کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں مثبت نتائج دیں گی اور اجلاس میں شریک ممالک ایک ایسا قابلِ عمل لائحہ عمل ترتیب دینے میں کامیاب ہوں گے جس سے آگے بڑھنے کی راہ ہموار ہو۔اگر فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا مقصود ہے تو اس کے لئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، جن میں سب سے اہم فوری جنگ بندی ہے۔ یہ ممکن نہیں کہ ایک جانب جنگ جاری رہے اور دوسری جانب مذاکرات بھی ہوتے رہیں۔ پاکستان، ترکیہ اور مصر کا کردار اسی وقت مؤثر ثابت ہو سکتا ہے جب تمام متعلقہ فریقین سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادہ ہوں۔سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں فریقین کے درمیان اعتماد کا شدید فقدان پایا جاتا ہے، جسے بحال کرنا نہایت ضروری ہے۔ اگر امریکا اور اسرائیل واقعی مذاکرات میں پیش رفت چاہتے ہیں تو انہیں اپنی عسکری کارروائیاں روکنا ہوں گی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔
اہم خبریں سے مزید