تہران/دبئی (اے ایف پی /نیوز ڈیسک ) ایرانی دارالحکومت تہران اوردیگر شہروں پر امریکا اور اسرائیل کی بمباری جاری ہے ‘پیرکی شب تہران میں پانچ زوردار دھماکے سنے گئے ہیں ‘ ادھرایرانی میزائلوں نے شمالی اسرائیل کے ایک صنعتی علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔ سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں حیفاکی ایک آئل ریفائنری سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے‘اسرائیلی فوج کے مطابق یمن سے آنے والے حوثیوں کے دو ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام نے یہ بھی بتایا کہ لبنان کی حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر راکٹ فائر کیے ہیں۔جوابی کارروائی میں اسرائیلی افواج نے تہران میں ان مقامات پر میزائل حملے کیے جنہیں انہوں نے "فوجی ڈھانچہ" قرار دیا، جبکہ بیروت میں ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے زیرِ استعمال انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے حکام نے بتایاہے کہ ٹیلی کمیونی کیشن کی ایک عمارت کو ایران سے آنے والے ایک ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایران نے دھمکی دی ہے کہ وہ جوابی حملوں کا دائرہ وسیع کرے گا جس میں یونیورسٹیوں اور امریکی و اسرائیلی حکام کے گھروں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔