کراچی (نیوز ڈیسک)صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس کراچی میں قومی اعزازات تقسیم کرنے کی ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو سول ایوارڈز سے نوازا گیا۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے مختلف شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 12 افراد کو “ستارۂ امتیاز”، ایک شخصیت کو “صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی” جبکہ 13افراد کو “تمغۂ امتیاز” عطا کیے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ کے ہمراہ شرکت کی، جبکہ سول و عسکری حکام، معزز شخصیات اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے اہلِ خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے انجام دیے۔ستارۂ امتیاز حاصل کرنے والوں میں انجینئر رخسانہ زبیری، ڈاکٹر شمش الدین قریشی (مرحوم)، فضیلہ قاضی، سویرا ندیم، پروفیسر کرار حسین (مرحوم)، سینیٹر سرمد علی، عبد الرحیم جانو، شاہ جہاں سید کریم (مرحوم)، ڈاکٹر سید محمود شاہ، سروش حشمت لودھی، پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن اور اشرف حبیب اللہ شامل ہیں۔ مختیار ناز تاج مستانی کو “صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی” سے نوازا گیا۔تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والوں میں زکریا محمد اسماعیل گوڈیل، جاوید رئیس، عابد حسین لاشاری، ڈاکٹر ممتاز عمر، محمد عادل عباسی، کرن ناز، ارم رضوان، عدنان قادر، خالد محمود شیخ، قاضی شجاعت قادری، بریگیڈیئر خالد خان لودھی، لیفٹیننٹ کرنل سید علی عاصم اور لیفٹیننٹ کرنل فرحان کھیرو شامل ہیں۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ایوارڈز اُن افراد کی خدمات کا اعتراف ہیں جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں ملک و قوم کا نام روشن کیا۔