کراچی (رپورٹ/ اخترعلی اختر) نامور اداکار و ہدایتکار شان شاہد نے جنگ سے گفتگو میں کہا ہے کہ فلم ’’بُلھا‘‘ کی کامیابی پر بے حد خوش ہوں، میری نئی فلم ’’سائیکو‘‘ میں اداکارہ میرا سب کو حیران کردے گی،جیو کی فلم ’’خدا کے لئے‘‘ کے بعد بالی وڈ سے فلموں میں کام کرنے کی آفرز ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق 500سے زیادہ فلموں میں بطور ہیرو کام کرنے والے اداکار شان شاہد نے کہا کہ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی میری فلم بُلھا تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہے، ہم نے فم بینوں کو بتایا ہے کہ فلم کیا ہوتی ہے، نعیمہ بٹ اور مونا لیزا نے عمدہ کام کیا، کراچی سے ہمیشہ مجھے بہت پیار ملا ہے، جلد کراچی کے دوستوں سے ملنے کراچی آرہا ہوں، کراچی کے سینما مالکان سے بھی ملوں گا، جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں شان شاہد کا کہنا تھا کہ ٹیلی ویژن اچھا میڈیم ہے، اس میں کام کرنے والے میرے لئے قابل احترام ہیں، میں ہر میڈیم کی قدر کرتا ہوں، ٹیلی ویژن پر کام کرنا ٹیسٹ کرکٹ میچ کی طرح ہوتا ہے، جبکہ فلم میں ہمیں ٹی ٹوئنٹی میچ کی طرح کام کرنا پڑتا ہے، بڑے بڑے کھلاڑی جب ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلتے ہیں، تو اس کے مطابق اپنا انداز اپناتے ہیں، اسی طرح ہمارے ٹیلی ویژن کے فنکار بہت اچھے ہیں، لیکن جب وہ فلم میں کام کرنے آتے ہیں، تو ان کا انداز ٹیلی ویژن والا ہی ہوتا ہے۔ جیو کی فلم’’خدا کے لئے‘‘ کی شہرت سرحد پار بھی گئی، آپ کی پرفارمینس کو بالی وڈ والوں نے سراہا؟ اس سوال کے جواب میں شان شاہد نے بتایا کہ اس میں کچھ شک نہیں کہ شعیب منصور صفِ اوّل کے ڈائریکٹر ہیں، وہ کمال لکھتے ہیں، اسی وجہ سے فلم ’’خدا کے لئے‘‘ کو دُنیا بھر میں پذیرائی ملی۔