کراچی(اسٹاف رپورٹر)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام مغربی ایشیا کے مستقبل کی تشکیل، فلسطین کا مسئلہ اور ایران کے خلاف جنگ کے عنوان سے ایک بین الاقوامی آن لائن ویبنار منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کی، ویبنار میں پاکستان، فلسطین، ایران، امریکا، برطانیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا، یمن، لبنان، ہندوستان اور بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک کے سیاسی و دانشور حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی،مقررین نے متفقہ طور پر فلسطین، لبنان اور ایران پر جاری امریکی و اسرائیلی کارروائیوں کو کھلی جارحیت اور دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی دفاعی کارروائیاں ان کا جائز حق ہیں، مقررین کا کہنا تھا کہ ایران اور لبنان کی قربانیاں دراصل فلسطین کاز کے لیے ہیں جبکہ امریکا اور اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کو پامال کر دیا ہے،ویبنار کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ثوبیہ عرفان اور ڈاکٹر عامر حسین نے انجام دیے۔