کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر )کامیاب ڈراموں کی مقبول اور خوبصورت ہیروئن حِبا بخاری نے جنگ سے بات چیتکرتے ہوئے بتایا کہ "ہمراہی" میں دانش تیمور اور میرے کام کو سراہا جا رہا ہے۔ ابتدائی اقساط کے بعد بنگلہ دیش، بھارت اور دیگر ممالک سے تعریفی پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ مجھے کسی کمزور فلم میں کام کرنا پسند نہیں ہے،کوئی لاجواب اسکرپٹ اور جاندار کردار کی پیشکش ہوئی تو ضرور فلم میں کام کرونگی۔ مجھے اندازہ ہے کہ مداح مجھے فلموں میں بطور ہیروئن دیکھنا چاہتے ہیں۔ میں اپنے فینز کی بہت عزت کرتی ہوں،کسی ہلکی اور کمزور فلم میں کام کرکے مداحوں کو مایوس کرنا نہیں چاہتی۔ نامور اداکار دانش تیمور کے ساتھ ناظرین آپ کو بے حد پسند کرتے ہیں، اس کی کیا وجہ ہے؟ اس سوال کے جواب میں خوبصورت اداکارہ حِبا بخاری نے بتایا کہ دانش تیمور کے ساتھ ڈراموں میں کام کرنے کا تجربہ ہمیشہ سے کامیاب رہا۔وہ باکمال اور زبردست فنکار ہیں، میں نے ان کے ساتھ ڈراما ہارا دل ، میں کام کیا تھا،اس کے بعد مجھے ان کے ساتھ کئی ڈراموں کی پیشکش ہوتی رہیں، میں منع کرتی رہی، جیو کے ڈرامے دیوانگی، میں ان کے ساتھ لیڈنگ رول آفر ہوا تو میں نے اس میں کام کرنے کے لیے ہاں کردی۔ اس ڈرامے کو بھی شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔