اسلام آباد (مہتاب حیدر/تنویر ہاشمی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایک مجوزہ ایس آر او جاری کیا ہے جس میں پاکستان سے باہر موجود ان سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہولڈرز پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جن کے پاکستان میں 50,000 سے زائد صارفین (سبسکرائبرز) ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ٹیکس سال کے دوران 50,000 سے زائد سبسکرائبرز، یا تین ماہ میں 12,250 سبسکرائبرز رکھنے والے اکاؤنٹس کے لئے یوٹیوب اور دیگر مونیٹائزڈ ڈیجیٹل چینلز سمیت سوشل میڈیا کی آمدنی کو ٹیکس نظام کے تحت لانا لازمی ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈرافٹ ترامیم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غیر مقیم افراد جن کے پاکستان میں ایک ٹیکس سال میں 50,000 سے زائد یا ایک سہ ماہی (کوارٹر) میں 12,250 سے زائد سبسکرائبرز یا فالوورز ہوں گے، سیکشن (3B)(b)101 کے تحت پاکستان میں ان کی "نمایاں معاشی موجودگی" تصور کی جائے گی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان میں صارفین کی مدد سے آمدنی حاصل کرنے والے مقیم اور غیر مقیم دونوں افراد کے لیے سہ ماہی ایڈوانس ٹیکس کی ادائیگی اور خصوصی انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔