• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھٹو کی سیاسی بصیرت و عالمی سوچ آج بھی پاکستان کیلئے رہنما، مراد شاہ

کراچی (رپورٹ/ اخترعلی اختر) بھٹو کی سیاسی بصیرت اور عالمی سوچ آج بھی پاکستان کیلئے رہنما، چین سے مضبوط تعلقات اور مسلم دنیا کے اتحاد پر زور دیا ،ایٹمی پروگرام کے ذریعے دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا، آرٹس کونسل میں ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی پر تقریب سے وزیر اعلی مراد علی شاہ رضا ربانی،مشاہد حسین،سہیل واڑائچ ،سعید غنی و دیگر کا خطاب ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان میں ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی رہنماؤں، دانشوروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے اور ان کے کارناموں کے لئے کسی تعارف کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو نے پاکستان کی ترقی کے لئے چین کے ساتھ مضبوط تعلقات اور مسلم دنیا کے اتحاد پر زور دیا، جو آج بھی ملکی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، جبکہ ان کی تقاریر، خصوصاً اقوامِ متحدہ میں کئے گئے خطابات، آج بھی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ بھٹو نہ صرف ایک بڑے سیاسی رہنما تھے, بلکہ انہوں نے ثقافت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کئی ثقافتی اداروں کے قیام میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے شملہ معاہدہ کو بھٹو کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ مختصر دورِ حکومت میں انہوں نے عام آدمی کو بااختیار بنایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ عالمی طاقتیں آج بھی تیل اور معدنی وسائل کے لئے مقابلہ کر رہی ہیں، جس کا ادراک بھٹو نے دہائیوں پہلے کر لیا تھا۔ سید مشاہد حسین نے کہا کہ بھٹو اپنے کارناموں کے باعث آج بھی زندہ ہیں اور انہوں نے پاکستان کو مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی۔سینئر صحافی سہیل ورائچ نے کہا کہ معاشرے اکثر اپنے عظیم رہنماؤں کی قدر ان کی زندگی میں نہیں کرتے، جبکہ بھٹو کی پھانسی پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک اہم باب ہے جس کے اثرات آج بھی محسوس کئے جاتے ہیں۔ صوبائی وزیر سید غنی نے بھٹو کو ایک غیر معمولی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کم عرصے میں بڑے کارنامے انجام دیئے۔سینئر تجزیہ کار مظر عباس ماہرِ امورِ خارجہ ہما بقائی اور اسکالر ڈاکٹر جعفر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ بھٹو کا وژن، پالیسیاں اور جمہوری سوچ آج بھی پاکستان کی سیاست اور خارجہ پالیسی پر گہرے اثرات مرتب کر رہی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید