امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیان کے جواب میں نائب ایرانی صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ اپنی عوام کی فلاح و بہبود قربان کرکے دوسروں کو دھمکانے والا پتھر کے زمانے میں پھنسا ہوا ہے۔
اپنے بیان میں رضا عارف نے کہا کہ ٹرمپ نے کل جنگ کو جواز بنا کر امریکا میں بچوں کی صحت سہولیات میں ناکامی کا اعتراف کیا۔
نائب ایرانی صدر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آج ایران کو پاور پلانٹ اور پُل تباہ کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ایران نے مختلف راستہ اختیار کیا ہے، دباؤ کے باجود تعمیر و ترقی کا راستہ۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ منگل کا دن ایران میں پاور پلانٹ اور برج ڈے ہوگا، دونوں ہی ایک ساتھ لپیٹ میں آئیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ٹرمپ نے ایرانی پہاڑوں سے شدید زخمی حالت میں ایف 15 طیارے کے افسر کو بچانے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی فوج افسر کو تلاش کر رہی تھی اور بہت قریب پہنچ گئی تھی، بچائے گئے افسر ایک نہایت معزز کرنل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایرانی پہاڑوں کی گہرائی سے شدید زخمی اور بہادر ایف- 15 کے افسر کو بچا لیا ہے، ایسا مشن خطرے کے باعث شاذ و نادر ہی کیا جاتا ہے۔