• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج کے اعلان پر کراچی پریس کلب کی سڑکیں بند، صحافیوں کو مشکلات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف اور دیگر تنظیموں کی جانب سے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف اتوار کو کراچی پریس کلب پر احتجاج کے اعلان پر پولیس اور انتظامیہ نے کراچی پریس کلب کی اطراف کی تمام سڑکوں کو کینٹنرز لگاکر مکمل بند کردیا۔ سڑکوں کی بندش کی سبب صحافیوں کی پریس کلب آمدورفت محدود ہوگئی جبکہ اطراف کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔پریس کلب تک آنے کے لئے صرف وائی ایم سی اے چرچ والا راستہ متبادل کے لئے کھولا گیا جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جو شناخت کے بعد صحافیوں اور رہائشیوں کو آمدورفت کی اجازت دے رہی تھی۔راستوں کی بندش کے سبب کئی صحافی پریس کلب نہیں پہنچ سکے جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزرا گیا۔پریس کلب کے عہدیداروں نے حکومت سندھ اور پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیاکہ کراچی پریس کلب کے اطراف سے فوری طور پر کنٹینرز ہٹا کر راستے بحال کئے جائیں۔ترجمان کراچی پریس کلب کے اعلامیہ کے مطابق کراچی پریس کلب نے اتوارکوایک سیاسی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز لگا کر پریس کلب کے چاروں اطراف سے راستے بند کئے جانے پرشدید تشویش اور مذمت کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کوپریس کلب تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جائے اور آئندہ تمام راستے کھلے رکھے جائیں۔ اتوارکو کراچی پریس کلب کے صدرفاضل جمیلی،سیکرٹری اسلم خان اورمجلس عاملہ نے جاری بیان میں کہا ہےکہ کراچی پریس کلب کے داخلی و خارجی راستوں کی بندش نہ صرف آزادی صحافت پر قدغن کے مترادف ہے بلکہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بھی سنگین رکاوٹ ہے۔
اہم خبریں سے مزید