پشاور (کرائم رپورٹر)پشاور کے مضافاتی علاقے متنی میں شدید بارشوں کے باعث خستہ حال مکان کی چھت منہدم ہوگئی جس سے 7 سالہ بچی جاں بحق جبکہ میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے،واضح رہے کہ مسلسل بارشوں کیوجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوئی اور کئی گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔گزشتہ روز متنی کے علاقے میں ایک گھر کی چھت منہدم ہوگئی جس کے باعث گھر میں موجود متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کےلئے آپریشن کیااورملبے تلے دبے تین افراد کو نکالا تاہم 7 سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ 45 سالہ بختیار اور اس کی اہلیہ مسماة (ف) کو شدید زخمی حالت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ادھر حالیہ بارشوں کے دوران ریسکیو نے پشاور کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مکمل کرلی ہیں۔ ریسکیواہلکاروں نے گزشتہ روز میاں گجر اور اسلام آباد کورونہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانی میں پھنسے سینکڑوں رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔