پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول نے گاڑی سے 84 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ ایکسائز بیورو آف انٹیلی جنس اور تھانہ ایکسائز چارسدہ کی مشترکہ کارروائی میں گاڑی کے ذریعے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق ایکسائز بیورو آف انٹیلی جنس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ منشیات سمگلرز کی جانب سے بھاری مقدار میں چرس ایک گاڑی کے ذریعے سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایکسائز بیورو آف انٹیلی جنس اور تھانہ ایکسائز چارسدہ کی مشترکہ ٹیم نے غنی خان روڈ چارسدہ انٹرچینج پر ناکہ بندی کی۔ کارروائی کے دوران مشکوک گاڑی نمبر AUZ-464 اسلام آباد کی تلاشی لی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی سے 84,000 گرام (84 کلوگرام) چرس برآمد کر لی گئی۔ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے مقدمہ تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔