پشاور(جنگ نیوز)بابائے گدون اشرف خان گدون ایڈووکیٹ نے ضلع صوابی، خاص کر علاقہ گدون میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی مسائل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے پورے علاقے میں بجلی کا نظام درہم برہم ہے، لیکن خیبر پختونخوا حکومت، منتخب عوامی نمائندوں اور واپڈا کو عوام کی مشکلات کی بالکل پرواہ نہیں، لیکن اب یہ مجرمانہ خاموشی مزید برداشت نہیں کی جائے گی اور جلد اس کیلئے مناسب لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔بدھ کے روز اپنے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں اشرف خان نے کہا کہ علاقے کے منتخب عوامی نمائندوں کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے،جب بھی لوگوں پر کوئی مصیبت آتی ہے، یہ دوربین میں بھی نظر نہیں آتے، جو انتہائی افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خاندان سمیت گدون، امازئی اور تنول کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علاقے میں بارشوں سے متاثرہ بجلی کا نظام ہنگامی بنیادوں پر بحال کرکے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔