• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پہنچتے ہی کھیلنا بھول گئے، کنگرز کو سپر لیگ کی سب سے بڑی، شرمناک شکست

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان سپر لیگ الیون میں تین فتوحات حاصل کرنے والی کراچی کنگز اپنے شہر پہنچتے ہی کھیلنا بھول گئی، اسے پشاور زلمی کیخلاف لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی، شرمناک اور موجودہ سیزن کی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ زلمی نے میچ 159رنز سے جیت لیا۔ جمعرات کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز87رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ فاسٹ بولر ناہید رانا نے سات، افتخار احمد 9 اور سفیان مقیم نے 18 رنز دے کر تین، تین وکٹ حاصل کئے۔ کراچی کے اوپنر محمد وسیم اور سڈنی سے کراچی پہنچنے کے چند گھنٹے بعد میچ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر، صفر، سلمان علی آغا پانچ، سعد بیگ14 ، معین علی9، اعظم خان 25، خوشدل شاہ نے دس رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی نے 3 وکٹوں پر 246 رنز بنائے۔ یہ ایس ایل میں ان کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کیے ۔ بابر اعظم اور مینڈس نے 177 رنز کی شراکت کا نیا ریکارڈ بنایا ۔ کوشل مینڈس نے 52 گیندوں پر 109 رنز14 چوکے اور 4 چھکے لگا کر بنائے۔ عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 51 گیندوں پر 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 343 میچز میں بارہ ہزار رنز بنانے والے کرس گیل کا ریکارڈ توڑا۔ وہ بابر اعظم 12 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز کرنے والے شعیب ملک کے بعد دوسرے پاکستانی ہیں ۔ دن کے پہلے میچ میں نیشنل اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کی مٹی سے بنی ہوئی پچ پر دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 9وکٹ سے مات دیدی۔ ناکام ٹیم 100رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ یہ پی ایس ایل میں کراچی میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے۔ کرس گرین نے19رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف باآسانی 10.2 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ ڈیوون کونوے 59 اور محمد فائق 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ واحد وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی۔ لاہور قلندز کیلئے سکندر رضا 25، حسیب اللہ خان 19، آصف علی 15 اور عبداللہ شفیق 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عماد وسیم، رچرڈ گلیسن اور شاداب خان کی 2،2 وکٹیں لیں۔

اسپورٹس سے مزید