کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سلہٹ ٹیسٹ میں تاریخ پر دستک دے رہا ہے، امیدیں تجربہ کار محمد رضوان سے بندھی ہیں، جو مشن ایمپوسیبل کو پوسیبل کر سکتے ہیں۔انہوں نے سلمان علی آغا کے ساتھ 134کی پارٹنرشپ قائم کی ۔ پاکستان کو 437 رنز کا ورلڈ ریکارڈ ہدف ملا تھا۔ بدھ کو میچ کے آخری دن بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ منگل کو دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے دوسری اننگز میں سات وکٹ پر316رنز بنائے تھے۔ اسے کامیابی اور سیریز برابر کرنے کیلئے مزید121 جبکہ بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف مسلسل چوتھا ٹیسٹ اور دوسری سیریز میں کلین سوئپ کیلئے تین وکٹ درکار ہیں۔ محمد رضوان 75رنز کے ساتھ نا قابل شکست ہیں، انہوں نے134گیندوں کا سامنا کیا،8چوکے مارے۔ ان کے ساتھ ساجد خان 9گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے8رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ شان مسعود اور سلمان آغا نے 71،71 رنز بنائے۔ تیج الاسلام نے113 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ دو وکٹ 58 رنز کے بدلے ناہید رانا کے حصے میں آئےہیں۔ دوسری نئی گیند پر تیج الاسلام نے سلمان آغا اور حسن علی کی وکٹیں حاصل کیں۔ تیج الاسلام نے منگل کو ایک تہائی سے زیادہ اوورز پھینکے۔ ایک موقع پر پاکستان کی پانچ وکٹیں 162 کے اسکور پر گر چکی تھیں ۔ سلمان علی 71رنز بناکر بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ 8 رنز کے اضافے سے حسن علی صفر پر آؤٹ ہوئے ۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان 377 رنز سے بڑا ہدف کبھی حاصل نہیں کیا۔ دنیا کی کوئی ٹیم 414 رنز سے بڑا ہدف حاصل نہیں کر سکی ۔ اوپنرز عبداللہ فضل 27 اور آذان اویس 41 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔ آذان نے 21 کیے ۔ عبداللہ فضل 6 رنز بنا سکے ۔ شان مسعود اور بابراعظم نے تیسری وکٹ پر 92 رنز کا اضافہ کیا ۔ بابراعظم 47 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر لٹن کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔ انہوں نے چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ چوتھی وکٹ سعود شکیل کی گری جو 6 رنز بنا کر ناہید رانا کا شکار بنے اور تھوڑی دیر بعد کپتان شان مسعود 116 بالز پر 71 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ وہ بھی تیج الاسلام کا شکار بنے۔ پاکستان نے تین وکٹیں 29 رنز کے اندر گنوادیں۔ پھر سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے شاندار مزاحمت کی ۔