لاہور (خصوصی رپورٹر) کمشنرلاہورڈویژن مریم خان نے بیساکھی میلہ انتظامات جائزہ کے لئے ضلع ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا لنگر خانہ، جدید سکینرز و دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی سی ننکانہ صاحب اور ڈی پی او ننکانہ نے انتظامات پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ گوردوارہ جنم استھان میں عارضی ہسپتال قائم ہو چکا ہے اور مزید ڈی ایچ کیو ہسپتال میں وارڈز مختص کی گئیں ہیں، 2ہزار سے زائد پولیس کے افسران و جوان سکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ننکانہ سٹی اور شاہرات پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی سمیت 24گھنٹے پولیس پٹرولنگ ہوگی۔ کمشنر لاہور کو ریسکیو، ٹریفک پلان اور پارکنگ بارے بھی بریفنگ دی گئی۔