• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر ہاؤس میں پاکستان پوسٹل سروسز سے متعلق محکمانہ بریفنگ

پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو جمعرات کے روز گورنرہاوس پشاور میں صوبہ میں پاکستان پوسٹل سروسز کی کارکردگی اور استعداد کار سے متعلق محکمانہ بریفنگ دی گئ. بریفنگ پوسٹ ماسٹر جنرل خیبرپختونخوا احسان اللہ مروت کی جانب سے دی گئ. بریفنگ میں بتایاگیاکہ صوبہ بھر میں پاکستان پوسٹل سروسز کے 1787 دفاتر قائم ہیں، جن میں 9 پوسٹل ڈویژن ، 16 جی پی اوز ، جبکہ پانچ سو کے قریب ڈاکخانہ جات اور 12 سو سے زائد فرنچائز ڈاکخانے ہیں، گورنر کو بتایا گیا کہ صوبہ میں کورئیر کمپنی اور بنک کے قیام سے متعلق منصوبہ پر پیشرفت جاری ہے. اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں پاکستان پوسٹل سروسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور مؤثر سروس ڈیلیوری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، بصورت دیگر محکمہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا۔ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پوسٹل سروسز کی موجودہ استعداد کو بہتر بنا کر اسے ایک منافع بخش اور فعال ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں محکمہ کی اراضی کو کمرشل بنیادوں پر بروئے کار لانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ ادارے کی مالی حالت مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک جامع رپورٹ تیار کر کے وفاقی حکومت کو ارسال کی جائے گی، تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر جدید اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پشاور سے مزید