کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 13سے 19اپریل تک صوبے بھر میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کی ہدایت کردی ، ہائی رسک علاقوں میں نگرانی اور ردعمل کے نظام کو مضبوط بنایا جائے،سندھ میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں نمایاں پیش رفت رپورٹ کا جائزہ ، 76 فیصد ماحولیاتی نگرانی کے مقامات پر پولیو وائرس منفی پایا گیا ہے جو گزشتہ تین برسوں میں سب سے بڑی بہتری ہے۔یہ پیش رفت وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شیئر کی گئی ۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، سینئر انتظامی افسران، بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان اور ضلعی حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ 13 سے 19 اپریل 2026 تک صوبہ بھر میں قومی انسداد پولیو مہم (نیشنل امیونائزیشن کیمپین) شروع کی جائے جس کا ہدف 30 اضلاع اور 1,708یونین کونسلز میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 1 کروڑ 5 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہے۔