کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل میں راولپنڈیز کے انگلش کرکٹرسیم بلنگز نے کہا ہے کہ پی ایس ایل پہلا فرنچائز ٹورنامنٹ تھا جس میں میں نے شرکت کی ۔ مجھے یہاں کی مہمان نوازی بہت پسند ہے ۔ پی ایس ایل جیسے فرنچائز ٹورنامنٹس نے مجھے اپنے کرکٹ کیریئر کی ترقی میں اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا ۔ کوشش کرتا ہوں کہ مثبت رویہ رکھوں اور خود کو پاکستانی ثقافت میں ڈھالوں ۔ ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ابرار احمد نے کہا کہ لاہور میں ابتدائی مرحلہ کوئٹہ کے لیے توقعات کے مطابق نہیں رہا۔کراچی کی وکٹیں اسپنرز کیلئے مددگار ثابت ہوں گی ۔ کچھ میچز ایسے تھے جو ٹیم جیت سکتی تھی لیکن مڈل آرڈر بیٹنگ میں غلطیوں کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا، ان کی ترجیح انفرادی کارکردگی کے بجائے ٹیم کی کامیابی ہے، میرا ہدف صرف یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے ٹرافی جیتوں۔