• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارکردگی اچھی نہیں رہی، رضوان کو ڈراپ کرنا سب کیلئے پیغام ہے، ہیڈ کوچ ہیسن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کی سلمان علی آغا کو سونپنے جانے کی بازگشت ہے۔ پیر کو پریس کانفرنس میں وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ مجھے سلمان علی آغا کی نائب کپتانی کے اعلان کے حوالے سے علم نہیں۔ ون ڈے ورلڈ کپ آئندہ سال ہے، ہمیں مزید آپشنز پر غور کرنا ہے، رضوان کو ڈراپ کرکے ویسے ہی پیغام دیا جو دیگر کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے، ورلڈ کپ سے قبل دس ون ڈے میچ ناکافی ہیں، پاکستان وائٹ بال ٹیم میں میرے آنے سے قبل رضوان نہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ تھے اور نہ ہی کپتان تھے، ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز کے بعد ہمیں لگا کہ رضوان کو کپتانی سے ہٹا دینا چاہیے، کیونکہ ٹیم بہتر پرفارمنس نہیں دے رہی تھی ۔ پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ون ڈے انٹر نیشنل ہفتے کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مائیک ہیسن نے کہا کہ پاور پلے میں رنز بنانے اور وکٹیں لینے پر کام کرنا ہے ، مڈل اوورز میں اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے پر کام کرنا ہے تاکہ دباؤ کم کیا جا سکے ، ایک برس میں کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی بیٹر میتھیو شارٹ نے کہا کہ اسپن کنڈیشنز میں آسٹریلیا کی حالیہ پرفارمنس مایوس کن رہی ہے۔ بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے، چند سینئر کھلاڑی موجود نہیں، لیکن نوجوانوں کیلئے اچھا موقع ہے، دورۂ پاکستان کیلئے سینئر اور نئے کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔