لاہور( اپنے نامہ نگار سے)صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت پنجاب آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن اتھارٹی (پیڈرا) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اتھارٹی کے رولز میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی اور ڈی جی اے ڈی آر اے جاوید اکبر بھٹی نے صوبائی وزیر کو جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیڈرا کا قیام ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا جس سے نہ صرف صوبے کے عوام بلکہ اوورسیز پاکستانی بھی بھرپور استفادہ کر سکیں گے۔ صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ اے ڈی آر سسٹم کے فروغ سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عام آدمی کو اس کے قانونی حقوق اور اے ڈی آر کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا نہایت ضروری ہے۔ اجلاس میں محکمہ قانون کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔