پشاور (جنگ نیوز) انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور (آئی اے پی) اور پولیس کے درمیان گزشتہ روز آئی اے پی دفتر میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا،جس کی صدارت صدر آئی اے پی ایوب خان زکوڑی نے کی جبکہ محکمہ پولیس کی نمائندگی ایس پی کینٹ عبداللہ احسان، ایس ڈی پی او حیات آباد محمد جنید اور ڈی ایس پی ٹریفک خیبر محمد نواز نے کی۔ اس کے علاوہ سینئر نائب صدر آئی اے پی حارث مفتی، نائب صدر فرہاد اسفندیار، سابق صدر ملک نیاز احمد، سابق صدر زرک خان خٹک، ایگزیکٹو ممبر سجاد ظہیر اور ارکان ڈاکٹر بلال زیب، اسماعیل مہمند، محمد سعید اور محسن سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر الطاف گل، سینئر نائب صدر اعجاز حسین، نائب صدر سلطان زادہ اور جنرل سیکرٹری طارق خان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں ٹریفک مینجمنٹ اور سکیورٹی انتظامات پر توجہ مبذول کر ائی گئی۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ تختہ بیگ ڈیٹور روڈ پر روزانہ کی بنیاد پر بھاری صنعتی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے مین روڈ (کارخانوں سائیڈ) پر غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کا خاتمہ کیاجائے گا۔ اسی طرح کارخانوں روڈ پر غیر قانونی ٹوکن/ٹال ٹیکس وصولی کے خلاف کارروائی کرنے کے علاوہ کارخانوں سائیڈ پر ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور ساتھ ہی انڈسٹریل اسٹیٹ کے داخلی اور خارجی دونوں راستوں پر ٹریفک وارڈنز کی تعداد میں اضافے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس چوکی پر اضافی نفری تعینات کی جائے اور سکیورٹی اور رسپانس ٹائم کو بہتر بنانے کیلئے علاقے میں ایک مکمل پولیس اسٹیشن قائم کیا جائے۔ صدر ایوب زکوڑی نے ایس پی کینٹ سے پشاور کے دیگر علاقوں کی طرح انڈسٹریل اسٹیٹ میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت سی سی ٹی وی سرویلنس سسٹم لگانے کی بھی درخواست کی۔