پشاور (اے پی پی)ضلعی پولیس سربراہ چارسدہ محمد وقاص خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان چارسدہ پولیس کے مطابق سرکل تنگی میں ڈی ایس پی تنگی گلشید خان کی قیادت میں تھانہ عمرزئی کی حدود میں مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا۔ سرچ آپریشن میں ایس ایچ او تھانہ عمرزئی رضوان خان، سرکل کے دیگر ایس ایچ اوز، کیو آر ایف، آر آر ایف، سی ٹی ڈی نفری، لیڈی پولیس اور دیگر بھاری نفری نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب ایک اشتہاری مجرم سمیت 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اسی طرح تین ملزمان سے تین پستول اور متعدد کارتوس بھی برآمد کر لیے گئے۔ سرچ آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی اور چیکنگ کی گئی۔ اس دوران وی وی ایس اور سی آر وی ایس سسٹم کے تحت 20 گاڑیوں اور 15 افراد کی ویری فکیشن بھی کی گئی۔ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا مقصد علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔