کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات ہفتے اور اتوار کی رات 14گھٹنے تک جاری رہے، مذاکرات کے تین ادوار ہوئے، ذرائع کے مطابق بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے تاہم کئی امور پر اب بھی حل طلب ہیں۔
فریقین نے اسلام آباد کی درخواست پر اختلافات کے باوجود بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، رات گئے فریقین کے تکنیکی ماہرین کے درمیان تحریری مسودوں کا تبادلہ ہوا، ایران کی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کا کہنا ہے کہ مذاکرات آج اتوار کو بھی جاری رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ادھر ایرانی میڈیا نے بھی کہا ہےکہ اسلام آباد مذاکرات میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے تاہم ماہرین اور تکنینکی سطح پر مزید بات چیت کی ضرورت محسوس کی گئی جس کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں بات چیت ہوگی کہ ان امور کو حتمی شکل دی جاسکے۔
ایرانی حکومت نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران امریکا مذاکرات 14گھنٹے بعد مکمل ہوگئے، ایران نے مذاکرات آج بھی جاری رکھنےکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں جو اختلافات رہ گئے ہیں اسکے باوجود مذاکرات جاری رہیں گے۔
ارنا کے مطابق ایران، امریکہ اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح تین بج کر بارہ منٹ پر ختم ہوئے۔ ارنا کے مطابق ایرانی اور امریکی مذاکراتی وفود کے درمیان بالمشافہ بات چیت کے ایک اور دور کے اختتام کے بعد تکنیکی ماہرین کی ٹیموں نے تحریری مسودوں کا تبادلہ کیا۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کئی گھنٹوں تک مذاکرات جاری رہے۔ بعض ایرانی میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ اور چند دیگر امور بدستور شدید اختلاف کا سبب بنے ہوئے ہیں۔
ادھر ایران کی ʼفارس نیوز ایجنسی کی جانب سے نقل کیے گئے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین گزشتہ دور میں کسی مفاہمت تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے اور اب ایک نئے متن (Draft) پر کام کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان کے اصرار پر مذاکرات کے ایک اور دور پر اتفاق کیا گیا ہے۔