رانی پور+گمبٹ(نامہ نگاران) رانی پور میں جونیجا برادری کے دو گروپوں میں خونی تصادم، 4 افراد جاں بحق اور چار سے زائد زخمی، علاقے میں خوف و ہراس،20سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے خیرپور منتقل کیا گیا ہے،پولیس،لاشیں اور زخمی اسپتال منتقل ، تفصیلات کے مطابق رانی پور تھانے کی حدود میں واقع گاؤں وریو واہن میں پرانے تنازع نے ایک بار پھر شدت اختیار کر لی جہاں جونیجا برادری کی دو مخالف دھڑوں کے درمیان جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل ہوگیا فائرنگ کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 4سے زائد افراد زخمی ہو گئے جاں بحق افراد میں سائیں داد جونیجو، لعل خان جونیجو، نعمان سرکی اور پیار علی سرکی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بابر سرکی، ایاز جونیجو، خالد جونیجو، شعبان سمیت دیگر افراد شامل ہیں زخمیوں کو فوری طور پر گمبٹ گمس اور رانی پور سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے واقعے کے بعد لاشوں کو رانی پور پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں دوسری جانب ایس ایس پی خیرپور امیر سعود منگسی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع بھر سے اضافی نفری طلب کر لی ہے بکتر بند گاڑیاں بھی علاقے میں پہنچا دی گئی ہیں اور گاؤں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے پولیس کے مطابق 20سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے خیرپور منتقل کیا گیا ہے جبکہ علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی ہے۔