کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری تقریباً تمام ترقیاتی منصوبے غیر معمولی تاخیر، لاگت میں بے پناہ اضافے اور ناقص معیارِ تعمیر کا شکار ہیں، جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ملک کا معاشی مرکز کراچی نامکمل وعدوں کی علامت بن چکا ہے، جہاں بڑے بڑے منصوبوں کے اعلانات تو کیے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد انتہائی سست روی اور بدانتظامی کا شکار رہتا ہے، گرین لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی جیسے منصوبے، جو شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے تھے، تاخیر اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث مسائل کا سبب بنے ہوئے ہیں۔، انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ ہر مرحلے پرتھرڈ پارٹی آڈٹ کو لازمی قرار دیا جائے۔ تاخیر یا ناقص کام کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مزید برآں، منصوبوں کی پیش رفت اور اخراجات کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں تاکہ احتساب ممکن ہو سکے۔