کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بفرزون میں شاپنگ سینٹر میں آگ لگنےسے 7 موٹرسائیکلیں اور فرنیچر کی دکان جل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بفرزون سیکٹر 15/A میں واقع ارم شاپنگ سینٹر کے پارکنگ ایریا میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی دو گاڑیاں اور ریسکیو 1122 کی ٹیم بمعہ فائر ٹرک اور ایمبولینسوں کے ہمراہ موقع پر پہنچیں۔ ترجمان فائریگیڈ کے مطابق امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک فلیٹ میں موجود بچوں کو سیڑھی کے ذریعے بحفاظت باہر نکال لیا ۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 7 موٹر سائیکلیں جل گئیں جبکہ ایک فرنیچر کی دکان کو بھی نقصان پہنچا ۔ ابتدائی طور پر آگ کو پھیلنے سے روکس گیا اور بعد ازاں ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔