راولپنڈی(صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران امریکا کے مابین امن مذاکرات کیلئے کردار ادا کرکے ثابت کیا کہ ہم امن کے پیامبر ہیں، پیش رفت کو اس طرح لیا جائے کہ انشاء اللّٰہ امن تک پہنچیں گے، جنگوں سے دنیا قائم نہیں رہ سکتی، امن کا راستہ ہی واحد حل ہے۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آج پاکستان کی شان دیکھیں کہ ایران، مصر اور یورپی یونین میں پاکستان کے ترانے پڑھے جا رہے ہیں، 193 ملکوں کو یہ منظر نصیب نہیں ہوا جو پاکستان کو ہوا۔ ان شاء اللّٰہ اکانومی گروتھ بڑھے گی، گوادر اور کراچی پورٹ اَپ گریڈ ہوں گے کہ یہاں سرگرمیوں کے باعث جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بھی جانتی ہیں کہ ملک بہت اہم کام کر رہا ہے اور لوگ مبارکباد دے رہے ہیں، راولپنڈی اسلام آباد کے بند ہونے پر بھی عوام نے خوش اسلوبی سے سہا کیونکہ یہ پاکستان کے مفاد میں تھا۔ انہوں ںے کہا کہ پاکستان خطے کا محفوظ ترین ملک ہے اور یقین رکھیں محفوظ صرف اپنا گھر ہوتا ہے۔ حنیف عباسی نے کہاکہ انڈیا کو پیغام ہے اپنے حکمرانوں کو سمجھائیں عوام پر توجہ دیں، وہاں 70 فیصد کو ٹوائلٹ میسر نہیں، دہلی کے چند جگہوں پر ترقی و زندگی نظر آتی ہے، مودی سےکہتا ہوں 10 مئی کو شکست کے زخم چاٹے تھے، اب آپ اپنا گھر بچائے۔