کراچی(این این آئی)کراچی کے نوجوانوں میں ویپنگ کا رجحان، دل کے امراض میں خطرناک اضافہ ، ماہرین صحت کے مطابق اب 20 سے 30 سال کے کئی نوجوانوں کو فوری انجیو پلاسٹی کی ضرورت پیش آرہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں نوجوانوں میں ویپنگ کا تیزی سے بڑھتا ہوا رجحان تشویشناک صورتحال اختیار کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں دل سے متعلق ہنگامی کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماضی میں دل کے امراض زیادہ تر عمر رسیدہ افراد تک محدود تھے، مگر اب 20 سے 30 سال کے نوجوان بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں اور کئی کو فوری انجیوپلاسٹی کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ویپنگ کو ایک محفوظ متبادل کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، لیکن اس میں موجود نکوٹین اور مضر کیمیکلز خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتے، بلڈ پریشر بڑھاتے اور دل کے دورے کے خطرات میں نمایاں اضافہ کرتے ہیں ۔کراچی میں غیر معیاری ویپنگ مصنوعات کی آسان دستیابی، ذہنی دبا ئواور سوشل میڈیا کے اثرات نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ایسے افراد بھی شدید شریانوں کی بندش کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں جنہوں نے کبھی روایتی سگریٹ نوشی نہیں کی ماہرین صحت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ویپنگ مصنوعات، خصوصا فلیورڈ ای لیکویڈز، پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں اور نوجوانوں میں آگاہی مہم شروع کی جائے ماہرین نے کہا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو کراچی ایک ایسی نسل کا سامنا کرے گا جو کم عمری میں ہی دل کے سنگین امراض کا شکار ہوگی۔