کوئٹہ(پ ر)بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن نے کوئٹہ میں سول سیکریٹریٹ کے سی اینڈ ڈبلیو کانفرنس ہال میں اپنا پہلا بورڈ ممبرز اجلاس منعقد کیا، جس کی صدارت کِرن بلوچ نے کی۔ اجلاس میںاراکین کا تعارف پیش کیا گیا اور ایجنڈا متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔اس موقع پر بلوچستان بھر میں خواتین کے حقوق کے فروغ، آئندہ بجٹ کا جائزہ لینے اور مستقبل کے ترقیاتی اقدامات کے لیے حکمتِ عملی طے کرنے جیسے اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ شرکاء نے مؤثر منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی مضبوطی کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے نتیجے میں کئی اہم اور دور رس فیصلے کیے گئے جن کا مقصد کمیشن کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور صوبے میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل میں اس کے کردار کو مزید مؤثر بنانا ہے۔کِرن بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی ترقی اور بااختیاری کے بغیر معاشرے کی مجموعی ترقی ممکن نہیں، کمیشن صوبے بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور ان کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنائے گا۔ اجلاس میں سعیدہ بلوچ، شکیل روشن، مشتاق مینگل، ڈاکٹر رخسانہ، ڈاکٹر نجمہ غفار، فوکل پرسن اسحاق مینگل، پی ایس گل مینا اور فنانس آفیسر رضیہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔