اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)موضع چٹھہ جنوبی تراپ تعلیمی سہولیات کی کمی اور دشوار گزار راستے بھی پختہ ارادوں کے سامنے رکاوٹ نہ بن سکے۔ تراپ گرلزسکول کی طالبہ محراب زہرا نے آٹھویں کلاس کے بورڈ امتحانات میں بی گریڈ کے ساتھ اچھے نمبر حاصل کر کے ثابت کر دیا کہ اگر محنت کا جذبہ صادق ہو تو منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔محراب زہرا کا تعلق ایک انتہائی پسماندہ علاقہ یوسی کوٹگلہ موضع چٹھہ جنوبی تراپ سے ہے جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ ان کے گھر سے سکول تک آنے کے لیے کوئی کی سڑک تک موجود نہیں، جس کے باعث انہیں روزانہ کچے اور دشوار گزار راستوں سے گزر کر سکول پہنچنا پڑتا تھا۔ ان تمام تر جغرافیائی اور معاشی چیلنجز کے باوجود، محراب زہرا نے اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھی۔اس موقع پر سکول انتظامیہ اور اہل علاقہ نے محراب زہرا کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے دیگر طالبات کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔ محراب کے والدین کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی بیٹی پر فخر ہے جس نے نامساعد حالات کے باوجود ہمت نہیں ہاری۔