کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے جون جولائی کی پیشگی فیس کا مطالبہ کرنے والے اسکول کو فوری طور پر طالبعلم کا ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عالیہ نے کہا ہے کہ طالبعلم کو بغیر کسی رکاوٹ امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے جبکہ آئندہ سماعت پر حکومت سندھ سے بھی جواب طلب کر لیا ہے۔ ہائی کورٹ میں پرائیویٹ اسکول کی جانب سے جون جولائی کی فیس قبل از وقت طلب کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اسکول انتظامیہ نے جون اور جولائی کی فیس کے چالان قبل از وقت جاری کئے۔ محکمہ تعلیم کے سرکلر کے مطابق جون اور جولائی کی فیس اپریل اور مئی میں وصول کی جانی چاہیئے۔