کراچی(نیوز ڈیسک) تنظیم برائے اقتصادی تعاون کے سیکرٹری جنرل، سہیل محمود نے استنبول میں ڈی-8سیکرٹریٹ میں پاکستان کے سینئر ماہرینِ تعلیم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات چیت میں ڈی-8کے قیام اور اس کے تاریخی ارتقاء، مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی موجودہ سمت، اور اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں تنظیم کی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اور سائنسی شعبے کے نمایاں نمائندے ڈاکٹر عبدالباسط، صدر ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان – وفاقی چیپٹر؛ صبور سیٹھی، صدر سٹی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پشاور؛ اور محمد مرتضیٰ نور، فوکل پرسن و کوآرڈینیٹر برائے سی سی او ای اور آؤٹ ریچ، او آئی سی-کامسٹیک اسلام آباد شامل تھے۔اپنے خطاب میں سیکرٹری جنرل سہیل محمود نے زور دیا کہ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی ڈی-8 تعاون کے بنیادی ستون ہیں، جو ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔