کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئین ایک بار پھر ویسٹ انڈیز میں گیانا کے مقام پرگلوبل سپر لیگ کا حصہ بن گئی ۔جی ایس ایل 23 جولائی سے یکم اگست 2026 تک گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں ہو گی ۔لاہور قلندرز کی ٹیم اس سے قبل ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کا بھی حصہ رہ چکی ہے۔لاہورقلندرز کے مالک ثمین رانا کا کہنا ہے کہ گلوبل سپر لیگ میں واپسی پر بے حد خوش ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے ،ہمارے لیے یہ ایک شاندار پلیٹ فارم رہا ہے ۔یہ ٹورنامنٹ ہمیں صلاحیت، ثقافت اور مقصد کو دنیا کے سامنے لانے کا موقع دیتا ہے۔چیئرمین کلائیو لائیڈ کا کہنا ہے کہ گلوبل سپر لیگ میں لاہور قلندرز کو دوبارہ خوش آمدید کہتے ہیں۔ قلندرز انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی سب سے کامیاب فرنچائزز میں سے ایک ہے، اس کی شمولیت ٹورنامنٹ کے معیار اور وقار میں نمایاں اضافہ کرے گی۔