کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ کراچی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، جہاں کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کی موجودگی میں کسی بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ بجلی اور سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ، ظالمانہ بلنگ روز بروز بڑھتی مہنگائی اور پینے کا صاف پانی میسر نہ ہونے نے عوام کا جینا اجیرن بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فنکشنل لیگ ہاؤس کلفٹن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ڈسٹرکٹ کیماڑی سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے رہنما اور کارکنان نے بڑی تعداد میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کی۔سردار عبدالرحیم نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پیر صاحب پگارا کے فلسفہ "متحد سندھ، مضبوط پاکستان" کے تحت پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کریں تاکہ ظالم اور نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کی جا سکے۔