جیکب آباد (نامہ نگارخاوند بخش بھٹی) گدائی لائبریری پر چار سال سے تالے، بلدیہ کی بے حسی نے علم کے چراغ گل کردیئے،سیشن جج اور سول جج کے احکامات بھی ردی کی ٹوکری میں، سندھ کے نامور شاعر عبدالکریم گدائی سے منسوب تاریخی لائبریری کھنڈر بننے لگی تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تاریخی گدائی لائبریری گزشتہ چار برسوں سے تالہ بندی کا شکار ہے، مگر بلدیہ انتظامیہ تاحال اس کی بحالی میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔ عمارت کو زبوں حالی کا جواز بنا کر بند کیا گیا تھا، لیکن چار سال گزرنے کے باوجود نہ مرمت ہوئی، نہ بحالی کے اقدامات کیے گئے اور نہ ہی شہریوں کو کتابوں اور علمی ماحول تک رسائی دی گئی۔ سندھ کے نامور شاعر عبدالکریم گدائی کے نام سے منسوب اس تاریخی علمی مرکز کی بندش سے طلبہ، اساتذہ، ادیب اور علم دوست حلقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔