• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل تہران، وزیراعظم جدہ میں، ایرانی وزیر خارجہ کا عاصم منیر کا ایئرپورٹ پر پُرتپاک استقبال، شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

تہران، جدہ، اسلام آباد (ایجنسیاں، تہران، شاہد نعیم) امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تہران پہنچ گئے، ایرانی وزیر خارجہ نے اور دیگر اعلی حکام نے فیلڈ مارشل عاصم منیرکا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا ، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ذریعے امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف اعلی سطح وفد کے ہمراہ دورہِ سعودی عرب پہنچ گئے ، جدہ ایئرپورٹ پر شہزادہ سعود بن مشعال و دیگر نے وزیراعظم کا پُرتپاک استقبال کیا، شہباز شریف نے رات گئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں نائب وزیر اعظم اسحق ڈار بھی موجود تھے،خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب اور قطر کے دورے میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن پر توجہ مرکوز ہوگی جبکہ دورۂ ترکیے میں وزیراعظم شہباز شریف کی صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوگی ، انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں بھی شرکت کرینگے، وفاقی وزیر خزانہ نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کیلئے مزید 3ارب ڈالر کے اضافی ڈیپازٹ فراہم کرنے کا اعلان کردیا جس کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وفد ایران امریکا جنگ بندی مذاکرات سے متعلق جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کے سلسلے کو آگے بڑھائیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کاوشوں کا حصہ ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کا پُرتپاک استقبال ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کیا۔ اس موقع پر ایران کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد ایرانی حکومت کے اعلیٰ ترین حکام سے ملاقات کریگا جس میں مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف جدہ پہنچ گئے۔ نائب گورنر مکہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز ، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیر اعظم و پاکستانی وفد کا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جدہ میں وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود سے دو طرفہ ملاقات ہوگی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیر اعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔دریں اثناء ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ایک پاکستانی ثالث کے ذریعے رابطے برقرار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف واضح طور پر پیش کیا جا چکا ہے اور بعد کے رابطوں میں بھی دہرایا گیا ہے۔ علاوہ ازیںوائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ اگر مذاکرات ہوئے تو قوی امکان ہے کہ اسلام آباد میں ہونگے، ایران کیلئے ٹرمپ کے مطالبات ماننا ہی بہتر ، مذاکرات تعمیری مرحلے میں ہیں۔ پریس بریفنگ کے دوران ایران سے متعلق جنگ بندی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ رپورٹس درست نہیں ہیں کہ امریکہ نے اس میں باضابطہ توسیع کی درخواست کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم ان مذاکرات میں بدستور بھرپور طور پر مصروف ہیں،‘ اور انھوں نے بات چیت کو ’تعمیری اور جاری‘ قرار دیا۔

اہم خبریں سے مزید