کراچی (اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات اور واقعات میں 6افراد جاں بحق، تین زخمی، 3 افراد کی لاشیں ملیں،تفصیلات کے مطابق لانڈھی چاول گودام کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکرسے موٹرسائیکل سوار 15 سالہ حمدان ولد ساجد جاں بحق جبکہ ساتھی 20سالہ عدنان ولدبشیر احمد زخمی ہوگیا ، پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنی تحویل میں لے لیا، ڈرائیور فرار ہوگیا، گلشن معمار موڑ کے قریب ٹریفک حادثہ میں 36سالہ ذوالفقار علی ولد شبن جاں بحق ہوگیا، متوفی رکشا ڈرائیور قریبی آبادی کا رہائشی تھا،ریسکیو حکام نے بتایا کہ متوفی روڈ پار کررہا تھا کہ نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر ماری، سخی حسن کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی راہگیر عباسی شہید اسپتال دوران علاج دم توڑ دیا ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ،عمر 35 سال کے قریب بتائی جاتی ہے،پیر آباد تھانے کی حدود بنارس پل کے اوپر ایک خراب کار کی دو نوجوان مرمت کررہے تھے کہ پیچھے سے آنے والی کار نے ٹکر ماردی واقعہ میں 17سالہ شہباز ولد شاہد اور 20سالہ کاشان ولد شاہد زخمی ہوگئے ، علاوہ ازیں پرانا گولیمار یونائیٹڈ کالونی میں عمارت کی دوسری منزل پر تعمیراتی کام کے دوران گر کر مزدور 35 سالہ نذیر ولد میو خان جاں بحق ہوگیا، سائٹ ایریا کے قریب ٹیکسٹائل کمپنی کی چھت سے گرکر مزدور 52سالہ محمود ولد اسماعیل جاں بحق ہوگیا ،بلدیہ کے علاقے 3نمبر مارکیٹ والی گلی کے قریب کام کے دوران ملبہ گرنے سے مزدور 17 سالہ ذاکر ولد نور محمد جاں بحق ہو گیا ، دریں اثنا سائٹ غنی چورنگی اے جی ایس کمپنی کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ،پولیس کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا ، عمر 50برس کے قریب ، شناخت نہیں ہو سکی ہے،تیموریہ کےعلاقے میں 35سالہ منا ولد کامران ، ناظم آباد میں 45سالہ نامعلوم شخص کی لاشیں ملیں، تمام لاشیں سردخانے منتقل کی گئیں ۔