کراچی ( اسٹاف رپورٹر )تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 31/C بروہی چوک کے قریب گھر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 55 سالہ نوردین ولد خیر بخش شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا کہ اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا،مقتول کے بیٹے اسد علی نے بتایا کہ وہ 6 بھائی اور 4 بہنیں ہیں ، والد رکشا چلاتے ، آبائی تعلق کندھ کوٹ سے ہے،اس نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب دروازے پر دستک ہوئی جس پر اس کے والد کمرے سے نکل کر جیسے ہی دروازہ کھولا تو انامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی ،فائرنگ کی آواز سن کو دیگر گھر والے بھی صحن میں آگئے جہاں ان کے والد خون میں لت پت پڑے ہوئے تھے فوری طور پر دروازے سے باہر کی جانب دیکھا تو کوئی دکھائی نہیں دیا ، اسد علی کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور نہ ہی کسی سے لین دین کا تنازع ہے ،ایس ایس پی ملیر ڈاکٹرعبدالخالق نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او شاہ لطیف سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے،ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ بظاہر ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، علاوہ ازیں سرجانی ٹاؤن سیکٹر فائیو ڈی میں دو گروپوں میں فائرنگ سے 35 سالہ آفتاب ولد مشتاق زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس کے مطابق زخمی شخص کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے، رینجرز اور پولیس نے فائرنگ کرنے کے الزام میں 4 افراد کو حراست میں لیا ہے، دریں اثنا مسلم لیگ فنگشنل کے ممبر صوبائی ورکنگ کمیٹی و صدر لیبر ونگ سید شاہ ولی وارثی نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پی ایس 117 کے متحرک کارکن آفتاب عرف منا بھائی پر دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والا بزدلانہ حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔