• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، کراچی اسٹیڈیم پشاور زلمی کو راس آگیا، لگاتار پانچ میچوں میں فتح، پلے آف میں رسائی حاصل کرلی

کراچی(عبدالماجدبھٹی) بابر اعظم کی کپتانی میں پشاور زلمی نے سابق چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بآسانی8 وکٹ سے شکست دے کرنا قابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ زلمی پاکستان سپر لیگ کے پلے آف میں کوالی فائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ زلمی کونیشنل اسٹیڈیم راس آگیا،8دن میں لگاتار پانچواں میچ جیتا۔ زلمی نےسات میں سے چھ میچ جیتے ہیں اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا اس کے13پوائنٹس ہیں۔جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزچھ میں سے چوتھا میچ ہارنے کے بعد مشکل میں ہے۔ اس نے ابھی تک دو میچ جیتے ہیں۔ بدھ کو بابر اعظم نے51گیندوں پر71نا قابل شکست رنز بناکر ہدف کو آسان کردیاان کی اننگز میں دس چوکے شامل تھے۔ ایرون ہارڈی18رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ کوئٹہ کے اسپنر کرشمہ نہ دکھا سکے اور ہدف9 گیندیں پہلے عبور ہوگیا۔جمعرات کو د ومیچ کھیلے جائیں گے۔حیدرآباد کنگزمین اور راولپنڈیز کا میچ دو پہر کو کھیلا جائے گا۔ شام کوکراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ بابر اعظم اور محمد حارث نے پر اعتماد انداز میں اننگز شروع کی۔ پاور پلے کے چھ اوورز میں59 رنز بنے۔ پہلی وکٹ پر9 اوورز میں75رنز بنے۔ محمد حارث 28 گیندوں پر 35رنز بناکرسعود شکیل کی گیندپر آئوٹ ہوئے ان کی اننگز میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے 12 اوورز میں ایک سو رنز بنے۔ بابر اعظم نے ٹی ٹوئینٹی میں نصف سنچری کی سنچری مکمل کرلی۔ کوشل مینڈس 19 گیندوں پر21 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے بھی روایت برقرار رکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن کوئٹہ کی ٹیم مسلسل دبائو کا شکار رہی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ حسن نواز 35 گیندوں پر 37 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ رائلی روسو نے18گیندوں پر 26رنز بنائے جس میں چار چوکے شامل تھے۔ خواجہ نافع نے 20، کپتان سعود شکیل نے 16، ٹام کرن نے 15 اور نوجوان شامل حسین نے 12 رنز بنائے۔ احسن علی 4، جہانداد خان 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے بولنگ میں ایک مرتبہ پھر سفیان مقیم زبردست رہے،انہوںنے25رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا،محمد باسط نے بھی تین وکٹیں لیں۔ میچ میں بنگلہ دیش کے کھلاڑی شریف الاسلام اور ناہید رانا زلمی کے لئے دستیاب نہیں تھے۔

اسپورٹس سے مزید