کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی انڈر 17 کپ کا آغاز جمعرات سے ہوگا جس میں18 ریجنل ٹیمیں ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ ایونٹ 16 اپریل سے 13 مئی تک جاری رہے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت چار شہروں چارسدہ، فیصل آباد، پشاور اور سیالکوٹ میں میچز ہوں گے ٹورنامنٹ میں 270 نوجوان کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ہر ٹیم گروپ ا سٹیج میں پانچ میچ کھیلے گی ۔ تینوں گروپس کی ٹاپ ٹیمیں ٹرائنگولر مرحلے میں پہنچیں گی۔ ٹرائنگولر راؤنڈ 2 سے 9 مئی تک کھیلا جائے گا۔فائنل 11 سے 13 مئی تک تین روزہ میچ پر مشتمل ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں 17 لاکھ 75 ہزار روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔فاتح ٹیم کو 10 لاکھ روپے دئیے جائیں گےرنر اپ ٹیم 5 لاکھ روپے حاصل کرے گی۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 75 ہزار روپے انعام ملے گا۔بہترین بیٹر، بولر، وکٹ کیپر اور فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ گروپ اے میں فیصل آباد، لاہور وائٹس، اسلام آباد، ایبٹ آباد، حیدرآباد اور لاڑکانہ ،گروپ بی میں ملتان، راولپنڈی، آزاد کشمیر، بہاولپور، پشاور اور کراچی وائٹس،گروپ سی میں سیالکوٹ، فاٹا، ڈیرہ مراد جمالی، لاہور بلیوز، کراچی بلیوز اور کوئٹہ شامل ہیں۔