اسلام آباد (ساجد چوہدری) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے نیشنل میٹرالوجی انسٹیٹیوٹ آف پاکستان (این ایم آئی پی ) کے اپنے ٹیسٹنگ اور کیلیبریشن کے ماسٹر آلات کی مبینہ طور پر ٹریسیبلٹی نہ ہونے سے حساس و دیگر اداروں کے ا ٓلات کی ٹریسیبلٹی اور ٹیسٹنگ کا عمل تقریباً ایک سال سے بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، ذرائع کے مطابق ادارے کا ریگولر سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے نہ ہی اس تاخیر کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جاسکی ہے اور نہ ہی ادارے کے اپنے ٹیسٹنگ اور کیلیبریشن کے ماسٹر آلات کی ٹریسیبلٹی کیلئے کوئی پیشرفت ہو سکی ہے ، جس کے باعث اب اس عمل کو مکمل کرنے کیلئے اخراجات بھی دوگنا ہونے کا خدشہ ہے ، بعض اہم اداروں نے این ایم آئی پی کو اہم خط ارسال کرتے ہوئے اپنے ماسٹر آلات کی کیلیبریشن میں تاخیر اور بعض نے این ایم آئی پی کی جانب سے کیلیبریشن سہولیات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ذرائع کے مطابق پچھلے تقریباً ایک سال سے ٹیسٹنگ اور کیلیبریشن کے کام این ایم آئی پی کے اپنے ایکوپمنٹ کی ٹریسیبلٹی نہ ہونے کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں ، ادارے نے اپنے ایکوپمنٹ کے ٹریسیبلٹی کے حوالے سے ایک غیر ملکی کمپنی کو ایک سال پہلے ہی ایڈوانس پیمنٹ کر دی ہے لیکن اپنے ایکوپمنٹ نہ بھجوا ئے جانے کی وجہ سے حساس اور دیگر اداروں کے ایکوپمنٹس کی ٹریسبلٹی اور ٹیسٹنگ نہیں کر پا رہا ہے ، یہ ادارہ اپنی نوعیت کا بہت ہی اہم ادارہ ہے لیکن پچھلے دو سالوں سے ریگولر سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے کام التوا کا شکار ہیں ، بعض مشینری یا تو خراب پڑی ہے یا وہ موجودہ بین الاقوامی جدت کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی ،قائم مقام ڈائریکٹر جنرل این ایم آئی پی اشفاق میمن سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی سے اس حوالے سے ملاقات ہو چکی ہے جلد ہی ادارے کے ٹیسٹنگ اور کیلیبریشن کے ماسٹر آلات ٹریسیبلٹی کیلئے بیرون ملک بھجوائے جا رہے ہیں تاکہ یہ مسئلہ حل ہو سکے۔