اسرائیلی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی گیلا گملیئل کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو آج لبنان کے صدر جوزف عون سے گفتگو کریں گے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر گیلا گملیئل نے اسرائیلی آرمی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو آج لبنانی صدر جوزف عون سے گفتگو کریں گے۔
اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ کی رکن گیلا گملیئل نے کہا کہ وزیرِ اعظم کئی برسوں بعد پہلی بار لبنان کے صدر سے بات کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت بالآخر خوش حالی کی جانب لے جائے گی۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ اسرائیل اور لبنان کی قیادت آج 34 برس میں پہلی بار بات چیت کرے گی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کون سے رہنما اس رابطے میں شامل ہوں گے۔
ٹرمپ کی اس پوسٹ کے بعد متعدد میڈیا رپورٹس میں ایک لبنانی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا کہ لبنان کو ایسے کسی ممکنہ رابطے کے بارے میں علم نہیں۔
اس سے قبل رواں ہفتے واشنگٹن میں اسرائیلی اور لبنانی نمائندوں کے درمیان امریکی حمایت سے ایک اہم ملاقات ہوئی تھی، جسے دونوں ممالک کے درمیان اب تک کا اعلیٰ ترین سطح کا رابطہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دریں اثناء امریکی دباؤ کے بعد اسرائیل لبنان میں جاری جنگ کو عارضی طور پر ختم کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔