• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیل ہوئی تو پاکستان جاسکتا ہوں، شہباز اور عاصم منیر زبردست شخصیات ہیں، پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا، ٹرمپ

واشنگٹن(اے ایف پی / نیوزڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیاہے کہ تہران نے واشنگٹن کی تقریباً تمام شرائط مان لی ہیںاوراپنا افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ہمارے حوالے کرنے پر رضامند ہو گیا ہے‘ دونوں فریق جنگ کے خاتمے اور امن معاہدے کے قریب ہیں‘اگرمعاہدہ طے پا گیا اور اسلام آباد میں اس پر دستخط ہوئے تو شاید میں وہاں چلا جاؤں ‘ پاکستان میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف زبردست شخصیات ہیں ‘ دونوں نے مذاکرات میں بہترین کرداراداکیا۔ جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کاکہناتھاکہ تہران نے واشنگٹن کی تقریباً تمام شرائط مان لی ہیں۔گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدے پر مہر ثبت کرنے پاکستان جائیں گے، تو ان کا کہنا تھاکہ اگر معاہدے پر دستخط اسلام آباد میں ہوتے ہیں تو شاید میں چلا جاؤں۔ پاکستان میں فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہترین لوگ ہیں‘شاید میں وہاں چلا جاؤں ۔میرا خیال ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بہت قریب ہیں ‘انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے20برس تک جوہری ہتھیار نہ حاصل کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔اچھا لگ رہا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں اور یہ ایک اچھا معاہدہ ہوگا، جس میں جوہری ہتھیار نہیں ہوگا۔ایمانداری کے ساتھ 20 برس کی کسی حد کو میں نہیں مانتا۔ٹرمپ کا مزیدکہناتھاکہ امریکا اور ایران کے درمیان اگلا اجلاس رواں ہفتے کے آخر میں ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس بارے میں یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ جنگ بندی میں توسیع کی ضرورت ہے یا نہیں۔ادھروائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ فی الوقت کسی بھی پاکستانی نمائندے کا امریکا کا دورہ طے نہیں ہےتاہم جیسا کہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے پاکستان مذاکرات میں بہت مددگار ثابت ہوا ہے اور بات چیت ابھی بھی جاری ہے۔عہدیدار کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ شاید پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر آج واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید