کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ٹریفک حادثات میں کمسن بچی اور دو خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ تین خواتین زخمی ہو گئیں،تفصیلات کے مطابق قائد آباد مجید کالونی میں گیس سلنڈروں سے لدے منی ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 60 سالہ سید کریم ولد مصور علی موقع پر جاں بحق ہوگیا ،پولیس کے مطابق ڈرائیور محمد فیصل کو گرفتار کر کے ٹرک تحویل میں لے لیا گیا ہے، سائٹ ایریا لیبر اسکوائر کے قریب حادثے میں چنگ چی رکشا میں سوار زخمی 3 سالہ فرحانہ دختر طاہر دوران علاج دم توڑگئی ، دیگر زخمیوں میں 22سالہ سمیرا بنت ناصر،40سالہ حمیرا زوجہ طاہر اور 30 سالہ خاتون زخمی ہوگئیں ،پولیس کے مطابق تیز رفتاری کے باعث چنگ چی رکشا اچانک ٹرک سامنے آجانے کے باعث الٹ گیا ،پولیس نے رکشا ڈرائیور کو حراست میں لیکرتھانے منتقل کردیا ہے ، شارع فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 25سالہ اویس جاں بحق ہوگیا ، لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،ناظم آباد نمبر 4نادرا آفس کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر 18سالہ کنزہ جاں بحق ہو گئی، لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، لانڈھی مجید کالونی سندھ سوشل اسپتال کے قریب ٹریفک حادثے میں 45 سالہ عظمیٰ جاں بحق ہو گئی واقعہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا۔