اسلام آباد(کامرس رپورٹر )آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کو پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات جاری رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی جانب سے اصلاحات کے پروگرام پر مؤثر عملدرآمد کے باعث معاشی استحکام برقرار رکھنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے موسم بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کیا، وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات میں پیش رفت کو سراہا۔ قبل ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ ترقی پذیر ممالک رضہ جاتی دباؤ کا شکار ہیں، بلند شرح سود اور عالمی مالیاتی حالات میں سختی کے باعث ترقی پذیرممالک کی ترقی اور پائیدار نمو کے لیے سرمایہ کاری کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے، مالی سال 2026 کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے بیرونی مالیاتی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔