کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی نیوز سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کیساتھ 20 ارب ڈالر کے بدلے یورینیم معاہدے پر غور کر رہا ہے، امریکی اور ایرانی مذاکرات کار کے درمیان دوسرے دور کی بات چیت اسلام آباد میں اتوار کو متوقع ہیں، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لئے تین صفحات پر مشتمل معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں۔ یہ تجاویز دی گئی ہے کہ امریکا ایران کے 20 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرے گا، بدلے میں ایران افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ترک کرے گا، ابتدائی مرحلے میں امریکا 6 ارب ڈالر تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خوراک اور ادویات کی خریداری کے لئےجاری کرنے کو تیار تھا، جبکہ ایران نے 27 ارب ڈالر کا مطالبہ کیاہے۔ ایران اپنا تمام جوہری مواد امریکا منتقل کرے، امریکا کے اس مطالبے کو ایران نے مسترد کر دیا۔ایران نے ملک کے اندر ہی اسے کم افزودہ کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ایران کو طبی مقاصد کے لئے نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر رکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم تمام جوہری تنصیبات زمین کے اوپر رکھنے کی شرط ہوگی اور موجودہ زیرِ زمین مراکز غیر فعال رہیں گے۔