• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا ایران مذاکرات، صرف چند نکات پر اتفاق ہونا باقی، اسحٰق ڈار

کراچی، اسلام آباد (نیوز ڈیسک، نیوز رپورٹر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ا مریکا اور ایران مذاکرات میں صرف چند نکات پر اتفاق ہونا باقی ہے،ہم پہلے دن سے ایران امریکا تنازعے کو حل کرنے کیلئے سفارتی کوششیں کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں اسحاق ڈار نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پربنگلہ دیش، بوسنیا و ہرزیگووینا، جمہوریہ کوریا، ترک جمہوریہ شمالی قبرس کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں علاقائی صورتحال اور امریکا ایران مذاکرات کی سہولت میں پاکستان کے کردار پر گفتگو ہوئی اور باہمی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے اسحق ڈار نے مزید کہا کہ کہا کہ 47 سال کے بعد ایران، امریکا مذاکرات کی ثالثی پاکستان کے لیے قابل فخر ہے، ایران امریکا تنازعے کی وجہ سے اس خطے کی معیشت اور تجارت متاثرہوئی ہے۔ انہوں نے کہ بدقسمتی سے 2 ارب آبادی کے اس خطے کا جی ڈی پی صرف 4 ٹریلین ہے، خطے کے ممالک کے درمیان تجارت کا کوئی باقاعدہ نظام نہیں۔ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ ہمیں جنوبی ایشیا کے ممالک کے درمیان تجارت اور رابطے بڑھانے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔پاکستان جنوبی ایشیا میں ٹرانس شپمنٹ کےلیے آئیڈیل ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان میں سیزفائرکے بعد آبنائےہرمز تجارتی جہازوں کےلیے کھلنا انتہائی خوش آئند ہے۔علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بارے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران طرفین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے بالخصوص ترک جمہوریہ شمالی قبرص میں مقیم پاکستانیوں کی تعلیم اور بہبود کےلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے جمعہ کو انطالیہ ڈپلومیسی فورم 2026 کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان سے ملاقات کی۔ جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی صورتحال اور مذاکرات کی سہولت میں پاکستان کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں مثبت اور تعمیری روابط کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے انطالیہ میں منعقدہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر بوسنیا و ہرزیگووینا کے وزیرِ خارجہ ایلمیدین کوناکووچ سے ملاقات کی۔دونوں جانب نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار سے جمہوریہ کوریا کی وزارتِ خارجہ میں اسٹریٹجی اور انٹیلی جنس کے نائب وزیر جیونگ یوندُو نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ نائب وزیر جیونگ یوندُو نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

اہم خبریں سے مزید