کراچی(عبدالماجد بھٹی) پاکستانی سلیکٹرز نے اگلے ماہ بنگلہ دیش کے دو ٹیسٹ میچوں کے دورے کے لیے چارنئے کھلاڑیوں عبداللہ فضل، اذان اویس، غازی غوری اور عماد بٹ کو ٹیم میں شامل کیا ہے نومبر میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔حیران کن طور پر2015میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے عماد بٹ 30سال کی عمر میں ٹیسٹ ٹیم میں آئے ہیں۔اپنے پہلے ٹیسٹ میں6وکٹیں لینے والے آصف آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ عماد بٹ 64 فرسٹ کلاس، 97 لسٹ اے اور 94 ٹی 20 میچ کھیل چکے ہیں جس میں ان کی وکٹوں کی تعداد بالترتیب 205، 120 اور 104 ہے۔وہ سرکاری ٹی وی اور لاہور وائٹس کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔ پی ایس ایل میں وہ راولپنڈی، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور اسلام آباد کی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔جنوبی افریقاکے خلاف ہوم سیریز کھیلنے والے عبداللہ شفیق، آصف آفریدی، ابرار احمد، کامران غلام اور روحیل نذیر کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔تجربہ کار محمد عباس کو ٹیم میں واپس بلا لیا ہے جس کی قیادت شان مسعود کریں گے۔چاروں نئےکھلاڑی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں اچھی فارم میں ہیں۔عبداللہ فضل حالیہ پریذیڈنٹ ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، سات میچوں میں 622 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے 48.27 کی اوسط سے 531 رنز بنائے ۔اویس اذان نے 48.6 کی اوسط سے 2673 رنز بنائے اور قائداعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ ٹرافی کے آخری دو سیزن میں دس سنچریاں بنائیں۔ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈعمادر بٹ کی چار وکٹوں کی بدولت جنوری 2026 میں سرکاری ٹی وی نے سوئی ناردرن کے خلاف 40رنزکے ریکارڈ دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔ اس نے اس سیزن میں انہوں نے 32 وکٹوں کے ساتھ ختم کیا - پاکستان ٹیم میں کپتان شان مسعود کے علاوہ اوپنر امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد عباس، حسن علی، خرم شہزاد، ساجد خان، نعمان علی، غازی غوری، اذان اویس، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ فضل اور عماد بٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔غازی غوری، اذان اویس، عبداللہ فضل اور عماد بٹ کو پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔پاکستان کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے دو مئی کو بنگلہ دیش پہنچے گی۔ سیریز کا پہلا میچ آٹھ سے 12 مئی کے دوران شیر بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔دوسرا میچ سلہٹ اسٹیڈیم میں ہو گا۔ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔پی سی بی کے مطابق دورے کی تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 27 اپریل کو کراچی میں شروع ہو گا جو دو مئی کو ختم ہو گا۔رواں برس پاکستان کے لیے ون ڈے ڈیبیو کرنے والے محمد غازی غوری 2003 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔