• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر نے آبنائے ہرمز کے بحران پر سچویشن روم کا اجلاس طلب کرلیا

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے بحران پر سچویشن روم کا اجلاس طلب کر لیا۔امریکی نیوز ایجنسی نے دو امریکی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ، صدر ٹرمپ نے ہفتے کی صبح وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں آبنائے ہرمز کے گرد پیدا ہونے والے تازہ بحران اور ایران کے ساتھ مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایران کے ساتھ صورتحال ایک نازک موڑ پر پہنچ چکی ہے، جنگ بندی تین دنوں میں ختم ہونے والی ہے اور امریکی و ایرانی مذاکرات کاروں کے درمیان نئی ملاقات کے لیے ابھی تک کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہو سکی ہے۔ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے کہا کہ اگر جلد ہی کوئی بڑی پیش رفت نہ ہوئی تو آنے والے دنوں میں جنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔امریکی نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ عاصم منیر نے رواں ہفتے تہران میں امریکااور ایران کے درمیان ثالثی مذاکرات کیے، اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے عاصم منیر اور ایرانی حکام کے ساتھ فون پر کم از کم ایک بار بات کی ہے۔ ایک امریکی اہلکار کے مطابق، سچویشن روم کے اجلاس میں نائب صدر جے ڈی وانس نے شرکت کی جن کے بارے میں توقع ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ بھی شریک تھے۔ اہلکار نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز، وائٹ ہاؤس کے ایلچی اسٹیو وٹکوف، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور جوائنٹ چیفس کے چیئرمین ڈین کین نے بھی شرکت کی۔ وائٹ ہاؤس نے اس خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔مذاکرات کی تفصیلات سے واقف ایک ذریعے کے مطابق، ہرمز میں تازہ بحران اس وقت پیدا ہوا جب فریقین نے ایران کی یورینیم افزودگی اور اس کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے سے متعلق اختلافات کو کم کرنے میں پیش رفت کی۔

اہم خبریں سے مزید